
پورٹو ریکو، 13 نومبر 2026 (نوشین): مس یونیورس 2026 کا 75 واں مقابلہ ویزا مسائل، ذاتی وجوہات اور انتظامی تنازعات کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں 15 ممالک کی امیدوار مختلف وجوہات کی بنا پر شرکت نہیں کر سکیں گی۔ مس یونیورس آسٹریا وکٹوریہ ایمَرسن نے سوشل میڈیا پر مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اقدار کے مطابق زندگی گزارنے کے ساتھ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کو ترجیح دینا چاہتی ہیں۔ دوسری جانب مس یونیورس بلغاریہ آنا ماریا ایک کار حادثے کے باعث مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی، جبکہ منتظمین نے ان کی صحت اور مکمل صحت یابی کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ سینٹ مارٹن کی نمائندہ میڈلی میریئن نے بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ویتنام، لاؤس، سنگاپور اور ملائیشیا سمیت چھ ایشیائی ممالک کی امیدوار فرنچائز اور کاروباری معاملات سے متعلق تنازع کے باعث عالمی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گی، تاہم ان کے قومی اعزاز برقرار رہیں گے۔ اس کے علاوہ نیپال، انگولا، زیمبیا، زمبابوے اور جمہوریہ کانگو کی امیدوار بھی ویزا مسائل یا پابندیوں کے باعث مقابلے سے باہر ہیں۔ مالدیپ کی نمائندہ امینت یوئن محمد اور مراکش کی سارہ اللالی نے بھی دستبرداری اختیار کرلی ہے، تاہم دونوں نے اس فیصلے کی وجوہات ظاہر نہیں کیں۔ متعدد امیدواروں کی عدم شرکت اور انتظامی تنازعات کے باعث مس یونیورس 2026 کا مقابلہ فائنل سے قبل ہی عالمی توجہ حاصل کرچکا ہے۔