اسلام آباد، 13 نومبر 2026(نوشین): وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔ کیش لیس کیپیٹل منصوبے سے متعلق اہم اجلاس جمعے کو وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزارت داخلہ کے مطابق طلال چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔ حکومت کا ہدف ہے کہ 31 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کر دیا جائے۔ طلال چوہدری کے مطابق اسلام آباد کے تقریباً 26 ہزار تاجروں کو پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے، جبکہ یہ سہولت ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے تجارتی مراکز تک فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیش لیس نظام سے مالی شفافیت، ٹیکس نگرانی اور لین دین کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بینکنگ شعبے کے نمائندوں نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے نفاذ کے لیے واضح لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں کی بیشتر ادائیگیاں دسمبر 2026 تک مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونے کی توقع ہے۔
