
اسلام آباد،12 نومبر، 2026 (نوشین):پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے وزارت قومی صحت کے اشتراک سے عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر وزارتِ صحت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا، جس میں پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بحران اور اس کی روک تھام کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات پر زور دیا گیا۔وزیرِ مملکت برائے صحت ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور شواہد پر مبنی پالیسیوں کا نفاذ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ صحت فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کی تجویز پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو بھجوا چکی ہے۔جنرل سیکرٹری پناہ ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ غیر صحت بخش غذائی مصنوعات پر لازمی وارننگ لیبلز کے نفاذ سے صارفین کو زیادہ چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائی والی مصنوعات کی شناخت میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی صحت کو تجارتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے اس پالیسی پر جلد عمل درآمد کیا جائے۔ماہرِ امراضِ ذیابیطس ڈاکٹر کرنل (ر) شکیل احمد مرزا نے ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے خطرات اور بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور صحت مند غذائی عادات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اجلاس کے اختتام پر پناہ اور شرکاء نے ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی نفاذ اور مشترکہ حکومتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔