
کوہاٹ، 11 نومبر 2026(کامران راجہ): خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے قریب درابو کچ کے علاقے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس اور مقامی سول انتظامیہ کے مشترکہ آپریشن کے بعد واپسی پر پولیس پارٹی دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بن گئی، جس کے نتیجے میں 18 حملہ آور ہلاک جبکہ خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکار شہید ہوگئے۔
خیبر پختونخوا پولیس کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق پولیس اور سول انتظامیہ نے علاقے میں غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مکمل کی تھی۔ واپسی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کی مبینہ معاونت سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔
پولیس جوانوں نے شدید مزاحمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کردیا۔ تاہم اس جھڑپ میں پولیس کے 10 اہلکار وطن کے دفاع اور فرائض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرگئے۔
پولیس حکام نے واقعے کو جرائم پیشہ گروہوں اور دہشت گرد عناصر کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی قوتوں کی پشت پناہی سے سرگرم جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے باہمی روابط قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فتنہ الخوارج کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر کارروائیاں کررہے ہیں۔
پولیس حکام نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق واقعے میں شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا۔ پولیس حکام نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔