
دبئی، 11 نومبر 2026 (نوشین): ایران نے جوابی اقدام کرتے ہوئے ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشتگرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے، یہ فیصلہ ارجنٹینا کی جانب سے اپریل میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز جاری بیان میں کہا کہ تہران نے یہ اقدام اصولِ جواب بالمثل کے تحت کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تمام صورتحال کی ذمہ داری ارجنٹینا کی حکومت پر عائد ہوگی۔ اس پیش رفت سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ارجنٹینا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اتحادی ممالک پر دباؤ کے بعد اپریل میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔ بیونس آئرس نے اپنے فیصلے کی وجہ ایران کی جانب سے لبنان میں سرگرم حزب اللہ کی مبینہ حمایت کو قرار دیا، جسے ارجنٹینا 1994 میں دارالحکومت بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی کے مرکز اے ایم آئی اے پر ہونے والے بم دھماکے کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔ اس حملے میں 85 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، جو ارجنٹینا کی تاریخ کا مہلک ترین بم دھماکا تھا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے فیصلے کے ممکنہ نتائج کی مزید وضاحت نہیں کی اور نہ ہی ارجنٹینا کی بری فوج کا ذکر کیا۔ پاسدارانِ انقلاب ایران کی ایک طاقتور فوجی فورس ہے، جو ملک کے مذہبی نظامِ حکومت کے تحفظ کے ساتھ معیشت کے بڑے شعبوں میں بھی نمایاں اثر و رسوخ رکھتی ہے۔ ایران کے اس جوابی اقدام سے تہران اور بیونس آئرس کے درمیان پہلے سے موجود اختلافات اور سفارتی تناؤ میں مزید شدت آنے کا امکان ہے