
اسلام آباد، 11 نومبر 2026 (نوشین): وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات کو اجاگر کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیں گے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اجلاس کے مقام پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور خاتون اول امینہ اردوان سے بھی ملاقات کی، جبکہ اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ انطالیہ میں ہونے والے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں تقریباً 200 ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جہاں عالمی درجہ حرارت میں اضافے، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور شدید موسمی واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اس عالمی فورم پر ترقی پذیر ممالک کو درپیش موسمیاتی چیلنجز اجاگر کرے گا، جو عالمی کاربن اخراج میں نسبتاً کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان میں شمسی توانائی کے استعمال میں تیزی لانے اور قابل تجدید توانائی کی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے، جن کا مقصد معیشت کو صاف توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ وزیراعظم قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور قبل از وقت وارننگ کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی اجاگر کریں گے، جبکہ ترقی پذیر ممالک کی موسمیاتی استعداد بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے مناسب، قابلِ پیش گوئی اور آسان رسائی پر مبنی مالی معاونت کی فراہمی پر زور دیں گے۔