
اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (غفران): اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں برقہ پر چھاپے کے دوران فائرنگ کرکے 14 سالہ فلسطینی لڑکے کو شہید جبکہ 3 افراد کو زخمی کردیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے شہید ہونے والے لڑکے کی شناخت معتز ایاد دغلس کے نام سے کی ہے اور تصدیق کی ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے گاؤں میں داخل ہوکر رہائشیوں پر براہ راست فائرنگ کی اور مرکزی سڑک بند کرکے آمدورفت معطل کردی۔ فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے زخمیوں تک ایمبولینسوں کی رسائی روک دی جبکہ واقعے کے دوران امدادی کارروائیوں میں مصروف تین رضاکار طبی کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب الجزیرہ کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی سادہ لباس میں مسلح اسرائیلی آبادکاروں کے ساتھ مل کر فلسطینیوں پر حملوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ تحقیق کے مطابق 14 فلسطینیوں کے قتل کے واقعات میں ملوث بعض اسرائیلی آبادکاروں کی شناخت فوجی اہلکاروں کے طور پر ہوئی یا حملوں کے دوران وہ فوجی وردی میں نظر آئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج کے علاقائی دفاعی یونٹس کی تعداد 2023 کے بعد سے چھ گنا بڑھ چکی ہے اور ان کا کردار غیر قانونی بستیوں کی حفاظت سے بڑھ کر فلسطینی آبادیوں پر حملوں میں معاونت تک پھیل گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ فوجی خدمات کے باعث آبادکاروں کو فلسطینیوں سے متعلق حساس معلومات، لائسنس یافتہ ہتھیاروں اور فوجی تربیت تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ فلسطینی کمیشن برائے دیوار و آبادکاری مزاحمت کے مطابق اکتوبر کے دوران اسرائیلی آبادکاروں نے 1,369 حملے کیے، جبکہ اکتوبر 2023 سے جون 2026 تک ایسے حملوں کی مجموعی تعداد 12,506 ریکارڈ کی گئی، جن کے نتیجے میں 52 فلسطینی شہید ہوئے اور فلسطینی املاک و زرعی اراضی کو آگ لگانے کے 890 واقعات پیش آئے۔