
ہنگو، 9 نومبر 2026 (کامران راجہ): ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ تین اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جہاں حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صلاح الدین کنڈی نے بتایا کہ دہشت گرد اغوا کیے گئے تینوں اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی کے علاقے خانانو کوٹ کی جانب لے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پوسٹ کا دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے۔ دوسری جانب حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہنگو میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں ڈی پی او صلاح الدین کنڈی سمیت پاک فوج اور پولیس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل فیروز علی کا جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کردیا گیا۔