
لاہور، 9 نومبر 2026 (غفران): پاکستان سمیت دنیا بھر میں شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم ولادت منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عام تعطیل بھی ہے۔ علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کی، بعد ازاں 1905 میں برطانیہ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ 1910 میں وطن واپسی کے بعد انہوں نے اپنی شاعری اور فکری بصیرت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں خواب غفلت سے جگانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کرنا ان کے اہم سیاسی و فکری کارناموں میں شمار ہوتا ہے، جو بعد ازاں قیام پاکستان کی بنیاد بنا۔ علامہ اقبال کی شاعری نے مسلمانوں بالخصوص نوجوان نسل میں نئی روح پھونکی۔ وہ نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ رکھتے تھے اور انہیں شاہین کی مانند بلند پروازی، خودداری اور عزم کا درس دیتے تھے۔ علامہ اقبال کو جدید دور کا صوفی مفکر بھی سمجھا جاتا ہے، ان کے فلسفے میں تصوف، خودی اور امت مسلمہ کی فکری و روحانی بیداری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے معروف شعری مجموعوں میں بانگ درا، زبور عجم، بال جبریل، ضرب کلیم، جاوید نامہ اور پیام مشرق شامل ہیں۔ مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کر گئے اور انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کے 149 ویں یوم ولادت کے موقع پر مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ پاکستان رینجرز کا دستہ مزار پر اپنے فرائض پاک بحریہ کے دستے کے سپرد کرکے رخصت ہوگیا۔ گارڈز کی تبدیلی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلین ملازمین کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور قومی شاعر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔