
اسلام آباد، 4 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ اپنے پہلے فَاز فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، جو ملکی دفاعی اور فضائی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت اور حکمت عملی میں مزید بہتری آئے گی اور ملکی دفاع مضبوط ہوگا۔ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ میزائل کے تجربے کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، جنہوں نے اس نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے دفاعی شعبے میں اہم کامیابی قرار دیا اور پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کیا۔ یہ پیش رفت پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ دیگر میزائل نظاموں، جن میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے فتح ٹو بیلسٹک میزائل اور فتح فور گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے جدید ورژن کے کامیاب تجربات شامل ہیں، کے بعد سامنے آئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان میزائل نظاموں میں جدید نیویگیشن، رہنمائی اور ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیتیں شامل ہیں، جو ملکی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔