Tuesday, October 22

روٹری انٹرنیشنل کا پولیو کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف

روٹری انٹرنیشنل کا پولیو کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف


پولیو کے خلاف جنگ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گاروٹری انٹرنیشنل کی انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی نے پولیو کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گذشتہ پانچ ماہ میں پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔
امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان سے ملاقات کے دوران بین الاقوامی پولیو پلس کمیٹی کے چیئر مین مائیکل کے میک گورن نے کہا کہ “گذ شتہ سال پولیو کیسز کی تشویشناک تعداد سے لے کر پچھلے پانچ (05) مہینوں میں پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہ آنا واقعی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف مہم میں حکومت پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان اور ملکی قیادت نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔
سفیر پاکستان مسعود خان کو روٹری انٹرنیشنل کے کام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئر انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی نے کہا کہ تنظیم ملک سے پولیو کے خاتمے کے اپنے مشن میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیششن اور صوبائی محکمہ صحت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3,000 روٹیرینز معذوری کی بیماری کے چیلنج پر قابو پانے کے لیے پاکستان میں حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔ سفیر مسعود خان نے گرانقدر تعاون پر روٹری انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔
مسعود خان نے کہا کہ بچوں کو معذور کرنے والی یہ بیماری پاکستان کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے او اور اس لیے اس کا مکمل خاتمہ پاکستان میں تمام حکومتوں کے لیے اولین ترجیح رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جاری جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی شعبہ صحت ، پولیو ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی مرہون منت ہے جنہوں نے تمام تر چیلنجز کے باوجود انتہائی ثابت قدمی، لگن اور یکسوئی سے ملک کے چپے چپے میں بچوں تک رسائی کو یقینی بنایا اور ان تک ویکسین پہنچائی ۔ درحقیقت معاشرے کا پر طبقہ اس مقصد میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر مسعود خان نے امریکی حکومت، مخیر تنظیموں و حضرات اور دیگر متعلقین کا بھی شکریہ ادا کیا جو پولیو کے خلاف مہم میں حکومت پاکستان کی معاونت کرتے رہے ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ کامیابی کے باوجود پولیو کے خلاف مہم میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

 

ایڈیٹر:راجہ کامران