Saturday, October 24

جاپان کے خلاف میچ برابر، پاکستان سلطان آف جوہر کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

Pakistan Reach Sultan of Johor Cup Final After Draw Against Japan

جوہر بہرو، 24 اکتوبر 2026 (غفران): پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم نے جاپان کے خلاف آخری لیگ میچ 2-2 سے برابر کھیلنے کے بعد سلطان آف جوہر کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں واقع تمان دایا ہاکی اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض نے 34ویں منٹ جبکہ غلام مصطفیٰ نے 43ویں منٹ میں گول اسکور کیا۔ قومی ٹیم نے دو مرتبہ خسارے میں جانے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ برابر کیا اور فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان اور جاپان نے لیگ مرحلے کا اختتام سات، سات پوائنٹس اور یکساں گول فرق پلس آٹھ کے ساتھ کیا، تاہم پاکستان نے زیادہ گول اسکور کرنے کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ پاکستان نے لیگ مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 18 گول کیے جبکہ جاپان کی ٹیم 16 گول کر سکی۔ گرین شرٹس نے ابتدائی مرحلے میں دو کامیابیاں حاصل کیں، ایک میچ برابر کھیلا اور ایک میں شکست کا سامنا کیا۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز چین کے خلاف 3-8 کی شاندار کامیابی سے کیا، جبکہ دوسرے میچ میں کینیڈا کو 2-6 سے شکست دی۔ قومی ٹیم کو واحد شکست میزبان ملائیشیا کے خلاف ہوئی، جس نے پاکستان کو 2-3 سے ہرایا۔ پاکستان ہفتے کو اسی اسٹیڈیم میں فائنل میں میزبان ملائیشیا کا سامنا کرے گا۔ ملائیشین ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے اور پہلے ہی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا چکی ہے۔ پاکستان کے پاس فائنل میں کامیابی حاصل کرکے سلطان آف جوہر کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔