
کراچی، 17 اکتوبر 2026 (غفران): پاکستانی اداکار منیب بٹ نے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ازدواجی مسائل کو نجی رکھیں، کیونکہ ذاتی اختلافات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے مسائل حل ہونے کے بجائے اکثر عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں واسع چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ رشتوں میں پیدا ہونے والی مشکلات کو عوام کے سامنے لانے کے بجائے نجی طور پر اور باہمی احترام کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق گھریلو اختلافات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے لوگوں کو دوسروں کے رشتوں پر تبصرے اور تنقید کرنے کا موقع ملتا ہے۔ منیب بٹ نے زور دیا کہ سوشل میڈیا ازدواجی تنازعات کا حل نہیں، اس لیے جوڑوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل حل کرنے کے لیے خاندان کے بڑوں اور والدین کی مدد لیں اور احترام کے ساتھ بات چیت کریں۔ اداکار نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شادی اور خاندان پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے حالات پر شکر گزار ہیں، انہیں محبت ہوئی، شادی کی اور اپنا خاندان بنایا۔ منیب بٹ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اور اداکارہ ایمن خان کے ہاں تین بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے مثبت سوچ اپنانے اور زندگی کی نعمتوں کی قدر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مسلسل شکایت کرتے رہنے سے انسان اپنے پاس موجود نعمتوں کی قدر نہیں کر پاتا۔ منیب بٹ اور ایمن خان کی شادی 2018 میں ہوئی تھی اور دونوں اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔