
تہران، 16 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگوں کے باعث ہونے والی ماحولیاتی تباہی کی مذمت کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ اور خطے کے دیگر علاقوں میں جاری تنازعات نے قدرتی ماحول کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے اثرات قومی سرحدوں سے آگے تک پھیل رہے ہیں۔ مسعود پزشکیان نے آرمینیا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی ماحولیاتی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی، جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی شرکت کی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں جارحانہ جنگوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کو ’’ماحولیاتی نسل کشی‘‘ قرار دیا جانا چاہیے اور عالمی برادری کو اس کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلح تنازعات کے ماحولیاتی اثرات کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہتے، اس لیے ان نقصانات سے نمٹنے کے لیے مربوط عالمی اقدامات اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ مسعود پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر علاقوں میں جاری تنازعات کے انسانی اور ماحولیاتی اثرات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔