Thursday, October 15

کوئٹہ میں تربیت مکمل کرنے کے بعد 173 جوان پاک فوج میں شامل

173 Soldiers Join Pakistan Army After Completing Training in Quetta

کوئٹہ، 14 اکتوبر 2026 (نوشین): کوئٹہ میں بلوچ ٹریننگ ونگ میں بنیادی فوجی تربیت کورس 22 مکمل کرنے کے بعد 173 جوان باقاعدہ طور پر پاک فوج میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) کوئٹہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاسنگ آؤٹ تقریب میں نئے تربیت یافتہ جوانوں کے اہل خانہ اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جوانوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے پاک فوج میں شمولیت اور کامیابی سے فوجی تربیت مکمل کرنے پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی ہے تاکہ ملک کی خدمت اور دفاع میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔