
لاہور، 9 اکتوبر 2026 (نوشین): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے سات رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں عباس آفریدی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ چھ کھلاڑیوں پر مشتمل اس مختصر فارمیٹ کا ٹورنامنٹ 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ہانگ کانگ کے ٹن کوانگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی اور تین روزہ ایونٹ میں دیگر 11 ٹیموں کے مدمقابل ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیموں کو تین، تین ٹیموں پر مشتمل چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے۔ قومی اسکواڈ میں کپتان محمد عباس آفریدی کے علاوہ عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم عباس آفریدی کی قیادت میں اس تیز رفتار اور دلچسپ فارمیٹ کے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔