Monday, October 5

وزیراعظم شہباز شریف اور پولش وزیر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تجارت پر تبادلہ خیال

PM Shehbaz, Polish Minister Discuss Bilateral Ties and Trade

اسلام آباد، 5 اکتوبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور خصوصی خدمات کے رابطہ کار توماش شیمونیاک سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، کاروباری روابط اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کو مضبوط، طویل المدتی اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان حالیہ رابطوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی قیادت کے باہمی دوروں کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کرنے پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور پولینڈ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔