
اسلام آباد، 5 اکتوبر 2026 (نوشین): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایم ٹی آنر 25 کے باقی تین پاکستانی عملے کے ارکان عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کی بحفاظت بازیابی کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ تینوں پاکستانیوں کو جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کے ہمراہ ادیس ابابا پہنچا دیا گیا ہے جہاں پاکستانی عملے کی جانب سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تینوں پاکستانی ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی جانے والی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچیں گے، جو 7 اکتوبر کو روانہ ہونے کی توقع ہے۔ نائب وزیراعظم نے عملے کی رہائی کو یقینی بنانے میں تعاون اور معاونت فراہم کرنے پر صومالیہ اور یورپی یونین نیول فورس، آپریشن اٹلانٹا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جو ایم ٹی آنر 25 کے قریب موجود تھیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خاتمے اور بین الاقوامی بحری راستوں پر سکیورٹی اور آزادانہ آمدورفت کے تحفظ کے لیے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔