
لاہور، 30 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاک چین دوستی تنظیم کی نومنتخب انتظامی کمیٹی نے لاہور جمخانہ کلب میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھا لیا، جس میں لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ قونصل جنرل سن یان نے ڈاکٹر خالد منظور بٹ سے صدر، ہو یُک بِنگ باربرا سے سینئر نائب صدر، ڈاکٹر کرن خورشید سے نائب صدر اور اسد گوندل سے سیکریٹری جنرل کے عہدوں کا حلف لیا۔ رضوان اکرم شیروانی، نوید سعید اور ڈاکٹر فرزانہ ریاض نے بھی انتظامی کمیٹی کے ارکان کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ تقریب میں سابق چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد کامران لاشاری، لاہور جمخانہ کلب کے چیئرمین میاں مصباح الرحمٰن، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر چوہدری اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل سن یان نے تنظیم کی نئی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور مقاصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تنظیم پاکستان اور چین کے عوام کو مزید قریب لانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے چین کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے سابق طلبہ کے شعبے کے قیام کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کے دوران پاک چین دوستی تنظیم کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے بانی اراکین کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم پاکستان اور چین کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، پاکستانی طلبہ کے لیے مزید وظائف کے حصول اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیمینارز، نمائشوں اور تفریحی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ چین کے 77ویں قومی دن کے موقع پر ڈاکٹر خالد منظور بٹ اور قونصل جنرل سن یان نے تقریب میں کیک بھی کاٹا۔ تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل سن یان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ بانی اراکین، انتظامی کمیٹی اور مہمانوں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی، جس کے بعد چائے کا اہتمام کیا گیا۔