Monday, September 28

آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کے اعلان کی تاریخ سامنے آگئی

ICC World Cup 2027 Schedule Announcement Date Revealed

کیپ ٹاؤن، 28 ستمبر, 2026 (غفران): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 2027 کے مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان جمعرات، یکم اکتوبر کو کرے گی، جس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کے آغاز میں ایک سال باقی رہ جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اور کرکٹ ساؤتھ افریقا ایک خصوصی تقریب میں ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کریں گے، جہاں ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے بیلٹ میں رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔ ٹکٹ فوری طور پر فروخت کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، تاہم شائقین بیلٹ کے ذریعے اپنی دلچسپی کا اندراج کرا سکیں گے۔ 50 اوورز کا ورلڈ کپ 24 سال بعد ایک مرتبہ پھر افریقا میں منعقد ہوگا، جہاں آخری مرتبہ 2003 میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور کینیا نے مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔ 14 میں سے 10 ٹیمیں پہلے ہی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں، جبکہ براہ راست کوالیفکیشن کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر ہے۔ میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے بھی پہلے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہیں۔ باقی چار ٹیموں کا فیصلہ کوالیفائنگ مرحلے کے ذریعے ہوگا۔ ابتدائی سپر سیریز میں 12ویں سے 14ویں نمبر پر موجود ٹیمیں حصہ لیں گی، جس کی فاتح ٹیم مرکزی ٹورنامنٹ میں جگہ بنائے گی۔ مرکزی مرحلے میں 12 ٹیموں کو چھ، چھ کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں اور دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ سپر 7 مرحلے میں 21 راؤنڈ رابن میچز کھیلے جائیں گے، جس کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم سے جبکہ دوسری پوزیشن والی ٹیم کا مقابلہ تیسری پوزیشن والی ٹیم سے ہوگا، اور سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔