Monday, September 28

وزیر آئی ٹی کا ہواوے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ، پاکستان کے عالمی ٹیکنالوجی سروسز مرکز بننے کی صلاحیت اجاگر

Minister IT Visits Huawei Global Service Center, Highlights Pakistan’s Emerging Role as Global Tech Services Hub

اسلام آباد، 28 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں ہواوے کے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں سینٹر کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے مرکز کا دورہ کیا اور عالمی آئی سی ٹی آپریشنز میں خدمات انجام دینے والے نوجوان پاکستانی انجینئرز اور ٹیکنالوجی ماہرین سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر کا استقبال ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن، ہواوے پاکستان کے اے آئی اینڈ کلاؤڈ کے سی ای او احمد بلال مسعود اور گلوبل سروس سینٹر کی سینئر انتظامیہ نے کیا۔ اس موقع پر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہواوے کا گلوبل سروس سینٹر پاکستان کی ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرتے ہوئے امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اس ماڈل کو ’’بغیر شپنگ کنٹینرز کے برآمدات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ماہرین ملک میں رہتے ہوئے عالمی منڈیوں کو اعلیٰ قدر کی ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی نوجوان افرادی قوت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اپنی آبادیاتی طاقت کو ہنرمند انسانی وسائل اور عالمی معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر نے وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والی ہواوے پاکستان تربیتی شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے ہواوے کی جانب سے 3 لاکھ نوجوان پاکستانیوں کو آئی سی ٹی کی تربیت فراہم کرنے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے پائیدار ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پائپ لائن کی تشکیل اور نوجوان پاکستانیوں کو عالمی مواقع سے جوڑنے کے لیے حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مزید مضبوط تعاون پر زور دیا۔ شزہ فاطمہ نے ہواوے کی آئی سی ٹی اکیڈمیز کے ذریعے تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خدمات کو بھی سراہا اور کمپنی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور رہنمائی کے عمل کو مزید وسعت دے جبکہ پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام کے امکانات بھی تلاش کرے۔ مرکز میں خواتین انجینئرز سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ان کے کردار کو سراہا اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں مقامی تکنیکی مہارت کو مضبوط بنانے اور پاکستانی ماہرین کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ اسلام آباد میں قائم ہواوے گلوبل سروس سینٹر عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز کے مرکز کے طور پر کام کرتا ہے، جہاں بین الاقوامی صارفین کو ریموٹ تکنیکی معاونت، نیٹ ورک آپریشنز، سروس اشورنس اور دیگر جدید آئی سی ٹی خدمات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ پاکستانی انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو پاکستان میں رہتے ہوئے عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز میں خدمات انجام دینے کے مواقع بھی حاصل ہوتے ہیں۔