Sunday, September 27

نادیہ خان جم کے کپڑوں سے متعلق سوالات پر تنقید کی زد میں

Nadia Khan Faces Criticism Over Questions About Designer’s Gym Wear

اسلام آباد، 28 ستمبر، 2026 (نیوز ڈیسک): ٹی وی میزبان نادیہ خان کو پاکستانی فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان سے حالیہ انٹرویو کے دوران جم کلیکشن اور سوشل میڈیا پر فٹنس ویڈیوز سے متعلق سوالات کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔ عامر عدنان برانڈ کی سی ای او پریشے عدنان نے حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اس کے بعد نادیہ خان کو انٹرویو دیا۔ انٹرویو کے دوران نادیہ خان نے پریشے سے سوال کیا کہ کیا ان کے والدین ان کے جم کلیکشن میں شامل نسبتاً بولڈ ڈیزائنز سے مطمئن ہیں، جس پر پریشے نے جواب دیا کہ انہیں ہمیشہ اپنے والدین کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ بعد ازاں پریشے عدنان نے ان سوالات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اور پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرنے کے بعد ان سے ان کے پیشہ ورانہ کام اور کامیابیوں کے بجائے جم کے کپڑوں اور فٹنس ریلز سے متعلق سوالات کیے گئے۔ ان کے مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ اداکار یاسر حسین نے بھی انٹرویو میں موضوعات کے انتخاب پر تنقید کی۔