Saturday, September 26

وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی ترقیاتی اقدام کی حمایت کا اعادہ

PM Shehbaz Sharif Reaffirms Support for Global Development Initiative

نیویارک، 26 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں چینی نائب صدر ہان ژینگ کی میزبانی میں ہونے والے عالمی ترقیاتی اقدام کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے عالمی ترقیاتی اقدام اور اس کے مقاصد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی ترقی، یکجہتی اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مؤثر بین الاقوامی شراکت داری ضروری ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش موسمیاتی تبدیلی، ترقیاتی مالی وسائل کی کمی، خوراک اور توانائی کے تحفظ کے مسائل اور بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی سمیت مختلف چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے عالمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی ترقیاتی اقدام پاکستان کی قومی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے اور عملی، جامع اور پائیدار ترقیاتی شراکت داری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری تعاون کو بھی اجاگر کیا اور باہمی مفاد کے شعبوں میں عالمی ترقیاتی اقدام کے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔