Tuesday, September 22

آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی شہید ایس پی اکبر خان شنواری کے گھر آمد

IGP KP Zulfiqar Hamid Visits Family of Martyred SP Akbar Khan Shinwari

مردان، 22 ستمبر, 2026 (کامران راجہ): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد حملے میں شہید ہونے والے ایس پی ٹریفک اکبر خان شنواری کی رہائش گاہ واقع لونڈ خوڑ، مردان کا دورہ کیا۔ آئی جی پی نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شہید کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ ایس پی اکبر خان شنواری نے فرض کی ادائیگی اور پولیس کے مقدس مشن کی تکمیل کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے عظیم مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں محکمہ پولیس اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے قیامِ امن کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پولیس فورس اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارا فخر اور ان کے اہلخانہ ہمارا خاندان ہیں، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے خون کا کوئی قطرہ رائیگاں نہیں جائے گا اور امن دشمنوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے انہیں ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے شہید کے اہلخانہ کے صبر و استقامت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔