Monday, September 21

پاکستان کی ایشین گیمز 2026 کرکٹ کی تیاریوں کا آغاز

Pakistan Begin Asian Games 2026 Cricket Preparations

کراچی، 21 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 کے لیے کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تیاریوں کا آغاز کردیا۔ تربیتی کیمپ 24 ستمبر تک جاری رہے گا جبکہ قومی ٹیم جمعرات کی رات جاپان روانہ ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کیریبین پریمیئر لیگ میں مصروف پانچ کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم اپنی فرنچائز کی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے۔ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے محمد سلمان مرزا کی جگہ ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے، جو بائیں انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ایشین گیمز سے باہر ہوگئے ہیں اور اس وقت بحالی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ کھلاڑی اوول گراؤنڈ میں ٹی20 پریکٹس میچ کھیلیں گے جبکہ کیمپ کے آخری روز سینٹر وکٹ پر صورتحال پر مبنی میچ سیشن ہوگا۔ مردوں کا ٹی20 مقابلہ 24 ستمبر سے آئچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں شروع ہوگا جبکہ میڈل میچز 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ صاحبزادہ فرحان ایشین گیمز میں پاکستان کی قیادت کریں گے اور قومی ٹیم 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل میں ایک کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ 10 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور میزبان جاپان نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے جبکہ نیپال، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور عمان نے کوالیفائنگ مرحلے کے ذریعے جگہ بنائی ہے۔