
جدہ، 17 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے جدہ پہنچنے والی پرواز کے مسافروں کو طیارہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر موجود ہونے کے دوران ایک انجن میں آگ لگنے کے شبہ کے بعد ہنگامی طور پر طیارے سے باہر نکالا گیا۔ ذرائع کے مطابق گراؤنڈ اسٹاف نے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا جس پر پائلٹ نے ایس او پیز کے تحت ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا اور مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ بعض مسافروں کو طبی معائنے کے لیے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔ جدہ ایئرپورٹ کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام بھی فائر بریگیڈ کے ہمراہ فوری طور پر طیارے کے پاس پہنچ گئے جبکہ پی آئی اے جدہ حکام نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر مطلع کیا۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی اور جیٹی پر پارک کیا گیا تھا، تاہم گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سے ایک انجن میں آگ کے شبہ کے بعد پائلٹ نے حفاظتی اقدامات کے تحت ایمرجنسی سلائیڈز کھول دیں۔ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے جبکہ باقی ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر آئے۔ ترجمان نے کہا کہ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ لگنے کا شبہ غلط ثابت ہوا۔ واقعے کے باعث متاثرہ طیارے کی جدہ سے لاہور پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، جبکہ پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا اور باقی مسافر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔