
اسلام آباد، 11 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے جمعہ کے روز وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے سینئر حکام نے حمزہ شہباز کا استقبال کیا۔ عطا اللہ تارڑ نے انہیں ڈی سی ڈی کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور فرائض کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس میں عوامی رابطے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حمزہ شہباز نے ڈیپارٹمنٹ کی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے فروغ کے لیے وزارت اطلاعات کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا بھر کے سامعین تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا معلومات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنا ڈی سی ڈی کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر حکومتی اقدامات اور قومی بیانیے کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ڈی سی ڈی اور پی ٹی وی ڈیجیٹل ان مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی کو مزید وسعت دینے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ حمزہ شہباز کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں جاری مختلف اقدامات اور عوامی رسائی بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔