اسلام آباد، 30 اگست 2026 (غفران): ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر ترکیہ کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اس تاریخی فتح کی خوشی میں شریک ہے۔ انہوں نے غازی مصطفیٰ کمال اتاترک اور ترکیہ کی جنگِ آزادی کے تمام ہیروز اور شہدا کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ترک قوم کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کو سلام پیش کیا۔ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ یومِ فتح ترکیہ کی تاریخی جدوجہد اور قومی عزم کی عکاسی کرنے والا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجود غیر معمولی برادرانہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا، جو باہمی اعتماد، گہری محبت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط پر قائم ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ ایک جامع اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں، جو باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر محیط ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے اور نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔ڈپٹی وزیراعظم نے ترکیہ کے عوام کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے۔
