Sunday, August 30

سکیورٹی فورسز نے ماشکیل میں سرکاری تنصیبات پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

سکیورٹی فورسز نے ماشکیل میں سرکاری تنصیبات پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

راولپنڈی، 30 اگست 2026 (کامران راجہ): سکیورٹی فورسز نے ماشکیل میں سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی دہشت گردوں کی کوشش بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دی، جس کے نتیجے میں حملہ آور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل کے مطابق مسلح افراد نے علاقے میں پولیس تنصیبات، کسٹمز کے گودام اور دیگر سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فرنٹیئر کور بلوچستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف مؤثر جوابی فائرنگ کی، جس کے باعث مسلح افراد مزید مزاحمت جاری نہ رکھ سکے اور علاقے سے فرار ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال اسلحہ، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئیں۔ حکام کے مطابق حملہ آور فرار ہوتے وقت اپنی گاڑیاں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی موقع پر چھوڑ گئے۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔