Sunday, August 30

مکمل اور تصدیق شدہ دستاویزات کے بغیر بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں، محسن نقوی

No International Travel Without Complete, Verified Documents: Naqvi

کراچی، 29 اگست 2026 — نیوز ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعلی، نامکمل یا غیر تصدیق شدہ دستاویزات پر بیرونِ ملک سفر کی کوشش کرنے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دورے کے دوران محسن نقوی نے امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور مسافروں سے ان کے تجربات بھی دریافت کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مکمل اور تصدیق شدہ دستاویزات کے بغیر کسی مسافر کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ دورے کے دوران امیگریشن سسٹم عارضی طور پر بند ہونے پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا اور مسئلہ بلا تاخیر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سسٹم میں خرابی کی صورت میں متبادل انتظام یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امیگریشن کا عمل کسی صورت نہیں رکنا چاہیے اور سفری دستاویزات کی مکمل جانچ کو یقینی بنایا جائے۔