Sunday, August 30

حنا جاوید قتل کیس: ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

Remand of Suspects in Hina Javed Murder Case Extended

راولپنڈی، 29 اگست 2026 (غفران): راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ڈیجیٹل میڈیا ایگزیکٹو حنا جاوید کے قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کر دی۔ ملزمان میں مقتولہ کا شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان شامل ہیں، جنہیں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس کی جانب سے ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر رحمان شوکت بھٹی عدالت میں پیش ہوئے اور ملزمان کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش کے دوران فیصل اصغر کی پہلی اہلیہ سے طلاق اور حنا جاوید سے شادی سے متعلق دستاویزات برآمد کرنا مطلوب ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 2 ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ڈیجیٹل میڈیا ایگزیکٹو حنا جاوید 20 اگست کو راولپنڈی کے علاقے لال کرتی میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ان کی لاش باتھ روم میں شاور کے ساتھ بندھی ہوئی ملی تھی۔

26 اگست کو ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران مقتولہ کے اہل خانہ کے وکیل ایڈووکیٹ شاہ خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس کی تفتیش درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ فرانزک معائنہ بھی کیا ہے۔ تازہ پیش رفت گھریلو ملازم ذیشان کی جانب سے مبینہ طور پر حنا جاوید کو گلا دبانے اور تشدد کرنے کے اعتراف کے دو روز بعد سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ذیشان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اسے حنا اور اس کے شوہر کے درمیان ازدواجی تنازع کے دوران گھر بلایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران حنا نے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر فیصل اور ذیشان نے مبینہ طور پر اسے پکڑ لیا۔ مزاحمت کرنے پر ذیشان نے مبینہ طور پر اس کا گلا دبانے کا اعتراف کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گھریلو ملازم نے گھر سے متعدد مرتبہ چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حنا کے سسر نے ابتدائی طور پر پولیس کو اطلاع دی تھی کہ گھر میں چور داخل ہوئے ہیں۔ پولیس موقع پر پہنچی تو حنا کی لاش باتھ روم میں شاور کے ساتھ بندھی ہوئی ملی۔ حنا جاوید کے قتل کے واقعے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔