Thursday, August 27

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

Security Forces Eliminate 11 Militants in Coordinated KP, Balochistan Operations

کوئٹہ، 27 اگست 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی الگ الگ کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق۔ کارروائیاں خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور جنوبی وزیرستان جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ ان کی کمین گاہ کو بھی دھماکا خیز مواد کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں بھی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر علاقے کو گھیرے میں لیا گیا، جس کے بعد مؤثر کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 4 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کی مدد سے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ اور مقامی آبادی کو کسی بھی نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کیے گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں، خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے الگ الگ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کا خاتمہ قومی سلامتی کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے ملک کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 11 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل استعداد کا مظہر ہے، جبکہ ان کارروائیوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔محسن نقوی نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کو شکست دینے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔