Monday, August 24

پنجاب میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع

Punjab Extends Outdoor Drone Ban for 30 Days Amid Security Concerns

لاہور، 24 اگست 2026 (غفران): پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی۔ پنجاب محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت عائد کی گئی ہے۔ حکم نامے کے تحت پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون پروازیں بدستور ممنوع رہیں گی۔ تاہم ہالز اور مارکیز میں منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم ان کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانا ایونٹ منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے بھی ڈرون استعمال کیے جاسکیں گے، تاہم اس کے لیے ضلعی سطح پر قائم سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت لینا ضروری ہوگا۔ محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ مذکورہ مقاصد کے لیے ڈرون کا استعمال کمیٹی کی جانب سے تحریری اجازت ملنے کے بعد ہی پابندی سے مستثنیٰ تصور ہوگا۔ محکمہ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ عوام کے تحفظ، امن و امان برقرار رکھنے اور جان و مال کی حفاظت پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔