
پنجگور، 13 اگست 2026 (نوشین): بلوچستان کے کور کمانڈر نے پنجگور ضلع کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے تعاون سے مکمل کیے گئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔دورے کے دوران کور کمانڈر نے بلوچستان اسکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت مکمل کیے گئے جناح آئی ٹی ہب کا افتتاح کیا۔ جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی ہب میں 50 جدید کمپیوٹرز، ڈیجیٹل لائبریری اور سولر پاور سسٹم موجود ہے، جس کے ذریعے چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا انتظام کیا گیا ہے۔کور کمانڈر نے یونیورسٹی آف مکران میں سر سید احمد خان لاؤنج اور علامہ اقبال آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا۔ آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اس میں 120 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے۔مقامی شہریوں نے مکمل کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان آرمی کے تعاون سے جاری فلاحی اقدامات کو سراہا۔دورے کے دوران کور کمانڈر نے مقامی افراد سے ملاقات بھی کی، ان کے سوالات سنے اور ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مقامی آبادی کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔