
اسلام آباد، 11 اگست 2026 (غفران): پاکستان میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے درمیان پانچ سالہ معاہدہ پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تبادلے کے پروگراموں، بشمول معروف فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام، کو وسعت دینا اور ان کی معاونت کرنا ہے۔ یہ معاہدہ اعلیٰ تعلیم اور تعلیمی تبادلوں کے ذریعے باہمی معاشی خوشحالی، سلامتی، سائنسی اور تکنیکی ترقی کے فروغ کے لیے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے پر یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے آج اسلام آباد میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے ہیڈکوارٹرز میں دستخط کیے۔معاہدے کے تحت معاونت حاصل کرنے والے پروگرام مستقبل کے رہنماؤں، اسکالرز، محققین اور ماہرین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جو پاکستان کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اس شراکت داری کے ذریعے پاکستانی طلبہ اور اسکالرز کو امریکی اعلیٰ تعلیمی نظام میں تعلیم اور تحقیق کے مواقع میسر آتے رہیں گے، جبکہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں استعداد کار بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ پاکستان آنے والے امریکی شرکاء تحقیق، کاروبار، صحت عامہ اور دیگر شعبوں میں ایسے منصوبوں پر تعاون کریں گے جن سے دونوں ممالک کی جامعات، کاروباری اداروں اور عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
یو ایس ای ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے کہا کہ یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام پروگرام شرکاء کو ایسی مہارتیں اور عملی علم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں جو معاشرے کے مختلف شعبوں میں پاکستان کی ترقی میں براہِ راست معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی تبادلے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں کے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور فل برائٹ کے درمیان طویل عرصے سے جاری شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کی ایک نمایاں مثال ہے اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے لیے مسلسل اہم فوائد کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا معاہدہ پاکستانی اسکالرز کو بااختیار بنانے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو آنے والی نسلوں کے لیے مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قائم مقام منسٹر کونسلر برائے عوامی سفارت کاری ڈیوڈ موئر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ اپنی شراکت داری کی تجدید پر فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے معاہدے کو دونوں ممالک کی صلاحیتوں اور مسلسل ترقی میں براہِ راست سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر فل برائٹ اسکالر اور تعلیمی تبادلے کے ہر شریک مستقبل میں ایک سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتا ہے۔تجدید شدہ معاہدے کے تحت مزید سیکڑوں طلبہ اور ماہرین کو علم، مہارت اور بین الاقوامی روابط حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جو پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری اور امریکہ پاکستان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔