
یکم اگست، 2026 (غفران): سری لنکا ویمنز نے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستان کی شوال ذوالفقار کی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی، جبکہ سری لنکا کی امیشا دلانی کی ناقابلِ شکست سنچری نے میزبان ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔ یہ میچ دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، جو سری لنکا کی سرزمین پر ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اوپنر شوال ذوالفقار نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ منیبہ علی نے صرف 24 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 42 رنز اسکور کیے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والی ایمان ناصر نے 21 رنز بنائے اور شوال ذوالفقار کے ساتھ 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اختتامی اوورز میں سائرہ جبین نے 8 گیندوں پر 12 رنز کا مفید اضافہ کیا، جس سے پاکستان مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہا۔177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا اور 7.1 اوورز میں 78 رنز بنا لیے۔ پاکستان کو پہلی کامیابی نشرا سندھو نے دلائی، جنہوں نے 39 رنز بنانے والی چماری اتھاپتھو کو آؤٹ کیا۔ نشرا سندھو نے میچ میں دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حمنا بلال نے کاویشا دلہاری کو پویلین کی راہ دکھائی۔
تاہم امیشا دلانی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 101 رنز کی اننگز کھیلی، اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل کی اور سری لنکا کو 19 اوورز میں 6 وکٹوں سے فتح دلوا دی۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے ایمان ناصر اور بائیں ہاتھ کی اسپنر مومنہ ریاست نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کل دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان ویمنز سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گی، جبکہ سری لنکا ویمنز اپنی برتری مزید مستحکم بنانے کے لیے میدان میں اترے گی۔