Saturday, August 1

وفاقی وزیر تجارت کا ٹریڈ باڈیز کے شفاف اور ڈیجیٹل انتخابات کے انعقاد کا اعلان

اسلام آباد، 31 جولائی 2026( نوشین): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں ٹریڈ باڈیز کے انتخابات کو آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔اسلام آباد میں لائیو ویڈیو پیغام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ انتخابات کی نگرانی کے لیے پہلی مرتبہ ریئل ٹائم ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا، جبکہ انتخابی عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول، ووٹر فہرستیں اور انتخابی نتائج آن لائن دستیاب ہوں گے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں اور انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشنزبلال خان پاشا نے انتخابات کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریڈ باڈیز کے انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ حتمی ووٹر فہرستیں متعلقہ قوانین کے مطابق شائع کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر تجارت نے بتایا کہ پہلی مرتبہ آزاد مبصرین انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ وزارت تجارت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے افسران مبصرین کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پولنگ مراکز پر سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن، منظم اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔ جام کمال خان نے کہا کہ شفاف انتخابی عمل سے انتخابی تنازعات اور اپیلوں میں نمایاں کمی آئے گی اور ٹریڈ آرگنائزیشنز کا ادارہ جاتی نظام مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے انتخابات 30 ستمبر 2026 تک مکمل کر لیے جائیں گے، جبکہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے انتخابات یکم اکتوبر 2026 سے شروع ہوں گے۔ رواں سال ملک بھر کی 320 ٹریڈ آرگنائزیشنز میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشنز کو انتخابی عمل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت تجارت شفاف، غیرجانبدار اور قابلِ اعتماد انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔