
اسلام آباد2 اپریل 2026 (کامران راجہ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان سویٹ ہوم میں سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی مرحومہ ماروی خورشید ملک کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ اجتماعی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ، سینیٹر محمد اعظم سواتی، سینیٹر ذیشان خانزادہ، سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر فلک ناز، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر فیصل جاوید، رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، سید خورشید شاہ، سابق چیئرمین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سمیت اراکینِ قومی اسمبلی و سینیٹ، سیاسی و سماجی شخصیات، سینئر صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دعائیہ تقریب میں مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی مغفرت و درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر شیری رحمان اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی دعائیں اور تعزیت کا اظہار نہ صرف غمزدہ خاندان کے لیے تسلی کا باعث بنتا ہے بلکہ معاشرتی یکجہتی اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
تقریب میں شریک دیگر افراد نے بھی مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کیا، جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
دعائیہ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کے معصوم بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔