
نیو یارک، 18 مارچ 2026(غفران):امریکی ریاست نیو یارک کی مقننہ نے پاکستانی-امریکن کمیونٹی کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں 18 مارچ 2026 کو “پاکستانی-امریکن بزنس جشن ڈے” کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ یہ پیش رفت پاک-امریکہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
قرارداد میں نیو یارک کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ریاست کے ثقافتی تنوع کو فروغ دینے میں پاکستانی-امریکی تاجروں اور کاروباری رہنماؤں کے کلیدی کردار کو سراہا گیا ہے۔ مزید برآں، ریٹیل، مہمان نوازی، ٹیکنالوجی، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شراکت کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی-امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط اقتصادی اور ثقافتی پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ریاست نیو یارک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مواقع پر بھی زور دیا گیا ہے۔
قرارداد کے مطابق آئندہ برسوں میں نیو یارک کے گورنر اور مقننہ کے سامنے پاکستان اور ریاست نیو یارک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں پیش رفت سے متعلق باقاعدہ رپورٹس پیش کی جائیں گی۔
اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور نیو یارک میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد اتوزئی نے نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ قرارداد کی منظوری کے موقع پر سینیٹر جیسیکا راموس نے پاکستانی-امریکی کمیونٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیو یارک کی ترقی اور کامیابی میں اس کمیونٹی کا کردار نہایت اہم اور قابلِ فخر ہے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے ریاستی سینیٹ کی اکثریتی رہنما سینیٹر اینڈریا اسٹیورٹ کزنز سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور نیو یارک کے درمیان اقتصادی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قرارداد کی منظوری کے بعد منعقدہ استقبالیہ تقریب میں متعدد سینیٹرز اور اسمبلی اراکین نے شرکت کی، جن میں لیروئے کامری، جیسکا سکارسیلا-اسپینٹن، فل راموس، ولیم کولٹن، سٹیو سٹرن، رابرٹ سی کیرول، سٹیون راگا، جینیفر راجکمار اور سٹیون چن شامل تھے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے خصوصاً ریاست نیو یارک کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کے فروغ میں سینیٹر جان لیو، اسمبلی رکن نادر سائیگ اور امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی راشد کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاک-امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو معیشت کے میدان میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول میں کاروباری برادری کے فعال کردار کی ضرورت ہے۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت خصوصاً طبی اور تکنیکی شعبوں میں ریاست نیو یارک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
آخر میں سفیر پاکستان نے نیو یارک کی مقننہ کی جانب سے پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے مثبت کردار کے اعتراف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا۔