
لیڈز، 20 اگست 2026 (کامران راجہ): ہیڈنگلے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل جمعرات کو بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا، جبکہ گراؤنڈ بدستور گیلا اور کورز سے ڈھکا ہوا ہے۔ اگرچہ گراؤنڈ میں بارش کی شدت کم ہوگئی، تاہم کورز اور کھیل کے میدان پر پانی کی خاصی مقدار موجود ہے اور گراؤنڈ اسٹاف کھیل شروع کرانے کے لیے میدان کو تیار کرنے میں مصروف ہے۔موسمی صورتحال تاحال غیر یقینی ہے اور مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث کھیل میں مزید تاخیر یا مقررہ وقت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔انگلینڈ نے پہلے روز کا کھیل 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز کے ساتھ ختم کیا تھا، جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز 171 رنز پر مکمل ہوئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن اور جوش ٹونگ نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ رابنسن نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں جبکہ ٹونگ نے 46 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 59 رنز درکار ہیں۔ کھیل کے اختتام پر جو روٹ 37 اور جارڈن کاکس 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔دوسرے روز کا کھیل موسمی حالات اور گراؤنڈ کو کھیل کے لیے موزوں قرار دیے جانے سے مشروط ہوگا۔