Monday, October 19

کینیڈا کے فوجی اڈے پر حادثہ، ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاع

Fatalities and Injuries Reported After Incident at Canadian Military Base
اوٹاوا، 18 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): کینیڈا کے مغربی علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے پر پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاع ملی ہے۔ کینیڈا کے وزیر دفاع ڈیوڈ میک گنٹی نے ہفتے کی شب بتایا کہ البرٹا میں واقع کینیڈین فورسز بیس وین رائٹ میں پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ڈیوڈ میک گنٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں فوجی اڈے پر پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور افراد کے زخمی ہونے پر افسوس ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے روز کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ فوجی اڈے پر ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ حکام نے تاحال ہلاکتوں اور زخمیوں کی درست تعداد ظاہر نہیں کی اور نہ ہی واقعے کی نوعیت یا اس کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات جاری کی ہیں۔ وین رائٹ فوجی اڈہ البرٹا میں ایڈمنٹن شہر سے تقریباً 200 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے اور اسے کینیڈا کے مصروف ترین فوجی اڈوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وزیر دفاع ڈیوڈ میک گنٹی نے کہا کہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات آئندہ چند گھنٹوں اور دنوں میں جاری کی جائیں گی۔