Wednesday, September 16

کم آمدنی اور متوسط طبقے کے لیے فیول ریلیف اسکیم، وزیراعظم نے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی

PM Reviews Progress on Special Fuel Relief Scheme for Low-Income and Middle-Class Citizens PM Reviews Progress on Special Fuel Relief Scheme for Low-Income and Middle-Class Citizens

اسلام آباد، 16 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیجی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے عوام کے لیے سبسڈی کے حصول کو آسان بنانے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسکیم سے متعلق عوام میں آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کو عوام کے لیے انتہائی آسان بنایا گیا ہے اور رجسٹریشن کے لیے صرف چار بنیادی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درکار ہیں۔ فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جبکہ کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔