Monday, August 3

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی 8 اگست کو شادی کی اطلاعات

پرتگال، 3 اگست 2026 (نوشین): پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے بارے میں غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 8 اگست کو پرتگال کے جزیرے مادیرا میں ایک نجی تقریب کے دوران رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مادیرا رونالڈو کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ ان کی جائے پیدائش ہے اور انہوں نے اپنا بچپن بھی یہیں گزارا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شادی کی تقریب مادیرا کے فنچل کیتھیڈرل میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد منتخب مہمانوں کے اعزاز میں ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں شاندار استقبالیہ دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تقریب کے پیش نظر لگژری ہوٹل کی دو منزلیں اور متعدد بارز جمعہ اور ہفتہ کے روز عام عوام کے لیے بند رہیں گے، جس سے یہ قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہو گئی ہیں کہ یہ مقام رونالڈو اور جارجینا کی شادی کی تقریبات کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ تاہم، اب تک نہ تو کرسٹیانو رونالڈو اور نہ ہی جارجینا روڈریگز نے ان شادی کی خبروں کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔ یاد رہے کہ رونالڈو اور جارجینا کی پہلی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جبکہ دونوں نے اگست 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ اس جوڑے کے پانچ بچے ہیں۔ اس سے قبل پرتگالی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ رونالڈو 2026 فیفا ورلڈ کپ کے بعد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ رونالڈو نے ایک انٹرویو میں یہ بھی بتایا تھا کہ ان کی بڑی بیٹی نے جارجینا کو شادی کی پیشکش کرنے کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔

۔۔۔ ختم شد ۔۔۔