او آئی سی کے اٹھ رکن ممالک: مصر، ملائیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، یوگنڈا، ایران، اردن اور قازقستان کے سکالرز کو دس فیلو شپس دی گئی ہیں۔ وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجی کے میدان میں۔ فیلوشپس دینے کی تقریب جمعرات کو وزارت صحت کے دفتر، جکارتہ، انڈونیشیا میں منعقد ہوئی۔
یہ فیلوشپس وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجیز میں تحقیق اور جدید تربیت کے لیے کامسٹیک فیلوشپس پروگرام کے تحت دی گئی ہیں۔ یہ پروگرام وزارت صحت، اور وزارت خارجہ، انڈونیشیا، بائیو فارما، یونیورسٹی پدجادجارن اور یونیورسٹی ائیرلنگا اور پاکستان میں انڈونیشیا کے سفارت خانے کی مشترکہ کوشش ہے۔
ایوارڈکی تقریب سے جناب سفیر عسکر مسینوف، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی، او آئی سی، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، ڈائریکٹر جنرل برائے کثیر جہتی تعاون، وزارت خارجہ، جمہوریہ انڈونیشیا، اور ڈائریکٹر جنرل دواسازی اور طبی آلات وزارت صحت، جمہوریہ انڈونیشیا نے خطاب کیا۔
اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل او آئی سی برائے سائنس و ٹیکنالوجی جناب سفیر عسکر مسینوف نے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی استعداد کار میں اضافے کے لیے فیلوشپس کے ایسے پروگرام ترتیب دینے پر کامسٹیک کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کامسٹیک کے پروگراموں کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ مجھے اس پروگرام کو لگاتار دو سالوں سے چلتے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ہمارے پاس او آئی سی کے آٹھ رکن ممالک سے شرکاء ہیں، جو وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جمہوریہ انڈونیشیا کی شاندار کارکردگی سے مستفید ہونے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرکاء ابتدائی کیریئر کے سائنسدان، وائرولوجسٹ اور صحت عامہ کے محققین ہیں۔
پروفیسر چودھری نے کہا کہ یہ پروگرام وزارت صحت، اور وزارت خارجہ، انڈونیشیا ، بائیو فارما، یونیورسٹی پدجادجارن اور یونیورسٹی ائیرلنگا ، اور پاکستان میں انڈونیشیا کے سفارت خانے کی مشترکہ کاوش ہے۔ پروفیسر چودھری نے وائرل بیماری کی نگرانی اور وبائی امراض کی تیاری کے کلیدی شعبوں میں اس اہم تقریب کو منعقد کرنے کے لیے وزارت صحت، انڈونیشیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ٹیوگیو کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام کو ممکن بنانے کے لیے انتھک کوششیں کیں۔
پروفیسر چودھری نے کہا کہ ان فیلوشپس کا مقصد ہونہار سائنسدانوں کی تحقیق اور ترقی کی صلاحیت کو بڑھانا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو اپنے تحقیقی کیرئیر کے آغاز میں ہیں، انہیں وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید تعاون کے لیے روابط کو فروغ دینے میں مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام او آئی سی کے رکن ممالک کو وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشترکہ طور پر اور انفرادی طور پر اپنے قومی صحت سے متعلق معیاری ترقی کے اہداف تک پہنچنے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
تقریب میں جناب سفیر ایڈم ٹوگیو، او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیر اور یونیورسٹی پدجادجارن اور یونیورسٹی ائیرلنگا اور بائیو فارما کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سب ایڈیٹر: ارسلان