ڈیرہ اسماعیل خان، 12 نومبر 2026 (کامران راجہ): ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے بند کورائی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جہاں مبینہ طور پر 600 سے 800 کلوگرام بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا کیا گیا، تاہم شدید دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے کے باوجود حملہ آور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے گزشتہ شب تقریباً دو بجے بارودی مواد سے بھری سوزوکی وین کو پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کی شدت سے پولیس اسٹیشن کا مرکزی گیٹ، قریبی مسجد، دیواریں اور عمارت کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔ دھماکے کے فوراً بعد دہشت گردوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا، جو کافی دیر تک جاری رہا۔ دہشت گردوں کی جانب سے مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے، تاہم خوش قسمتی سے وہ پھٹ نہ سکے۔ پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو تھانے میں داخل ہونے سے روک دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی پہاڑپور، ڈی ایس پی سٹی حافظ محمد عدنان اور ایس پی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) محمد افتخار شاہ اضافی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور سیکیورٹی آپریشن کی نگرانی کی۔ دہشت گرد اندھیرے اور قریبی گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں پولیس کے متعدد اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد آر پی او ڈیرہ رینج غلام مبشر میکن اور ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد نے بند کورائی پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا، متاثرہ عمارت اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ افسران نے حملہ ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو تھانے میں داخل ہونے سے روکنے پر پولیس جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔ مقامی افراد نے بھی حملے کے دوران پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے علاوہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب بھی کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 600 سے 800 کلوگرام بارودی مواد کے استعمال کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق ہونا باقی ہے۔ دھماکے کی شدت اور حملے کے پیمانے کے باعث اس واقعے کو ڈیرہ اسماعیل خان کی تاریخ کے غیر معمولی اور بڑے دہشت گرد حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
