
بیجنگ، 07 ستمبر 2026 (کامران راجہ): چین اور پاکستان نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تاریخی بادالنگ گریٹ وال کے خوبصورت پس منظر میں شاندار گالا کنسرٹ کا انعقاد کیا۔ ’’آہنی دوستی کے نام‘‘ کے عنوان سے منعقدہ 2026 بیجنگ انٹرنیشنل گریٹ وال کنسرٹ میں روایتی چینی دھنوں اور پاکستانی صوفی قوالی نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور فنکارانہ روابط کو اجاگر کیا۔ یہ تقریب بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے مشترکہ طور پر یان چھنگ ڈسٹرکٹ کی عوامی حکومت کے تعاون سے منعقد کی، جس میں اعلیٰ سفارت کاروں، پاکستان کے سابق خارجہ سیکریٹریز اور سفیروں، چینی معززین اور فنکاروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے مقام کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ بادالنگ گریٹ وال کے واچ ٹاورز 6 اور 7 کے درمیان حصے کی بحالی 1989 میں حکومت پاکستان کے تعاون سے کی گئی تھی۔ سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ موسیقی جذبات کو آواز دیتی ہے جبکہ رقص انہیں شکل اور حرکت عطا کرتا ہے، اور دونوں مل کر ثقافتی ورثے کو محض یاد رکھنے کی بجائے اسے محسوس کرنے کا تجربہ بناتے ہیں۔ یہ کنسرٹ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، ثقافتی قربت اور مضبوط سفارتی و اقتصادی شراکت داری کا خوبصورت اظہار ثابت ہوا۔