اسلام آباد، 20 نومبر 2026 (نوشین): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تھائی لینڈ کے سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ بنکاک میں اپنے تھائی ہم منصب سے ملاقات کے دوران یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور آسیان کے ذریعے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ کے مطابق 2025-26 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب 59 کروڑ ڈالر رہا، جس میں پاکستان کی برآمدات 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جبکہ تھائی لینڈ سے درآمدات ایک ارب 31 کروڑ ڈالر تھیں۔ انہوں نے تھائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے فوڈ پروسیسنگ، سی فوڈ، سیاحت اور جواہرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ پاکستان کا سفارت خانہ بنکاک میں 2027 کے دوران گندھارا تہذیب کے بدھ مت آثار کی نمائش کے انعقاد کے لیے تھائی وزارت ثقافت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ تھائی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا نے پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ کے لیے گیلانی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
