Tuesday, November 3

پنجاب میں کسان کارڈ اسکیم سے 10 لاکھ کسان مستفید، مریم نواز

One Million Farmers Benefit from Punjab’s Kisan Card Scheme: Maryam Nawaz

لاہور، 28 اکتوبر 2026 (نوشین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران کسان کارڈ اسکیم کے تحت کسانوں کو 400 ارب روپے فراہم کیے گئے، جس سے صوبے بھر میں تقریباً 10 لاکھ کسان مستفید ہوئے ہیں۔ کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت زرعی برادری کو سہولتیں فراہم کرنے اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ پروگرام کے ذریعے تقریباً 10 لاکھ کسان حکومت سے منسلک ہیں اور اس اقدام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد کھاد اور دیگر زرعی مداخل کی بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مشکلات کم کرنا اور انہیں ضروری زرعی اشیا کی دستیابی یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ پنجاب کے کسانوں کو زرعی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرنے کے لیے 25 ہزار ٹریکٹر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کرائے پر زرعی مشینری فراہم کرنے کا پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے، جس سے انہیں کاشت کاری کے امور انجام دینے میں سہولت مل رہی ہے۔ مریم نواز نے زرعی شعبے میں روزگار کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ایک ہزار انٹرنز بھرتی کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک کو ماہانہ 60 ہزار روپے تنخواہ دی جا رہی ہے۔