Friday, August 21

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان کرانے پر الیکشن کمیشن کا اصولی اتفاق

ECP Agrees in Principle to Hold Punjab Local Government Elections Between December 15, 2026 and January 15, 2027

اسلام آباد، 20 اگست 2026 (نوشین): پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس آج الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معزز ارکان نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ نے شرکت کی، جبکہ پنجاب حکومت کی چار رکنی کابینہ کمیٹی بھی شریک ہوئی، جس کی سربراہی صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی۔ پنجاب کابینہ کمیٹی میں سردار شیر علی گورچانی، وزیر مائنز اینڈ منرلز، سید محمد عاشق حسین شاہ، وزیر زراعت، اور رانا سکندر حیات، وزیر تعلیم شامل تھے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب اور اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ (LG&CD) کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(3) اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59 کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔

پنجاب کی مشاورتی کمیٹی کے کنوینر اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں اور انہوں نے کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع کرنے اور ضروری وسائل کی مناسب فراہمی کے لیے وقت درکار ہے۔ اس کے علاوہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تدریسی عملے کی خدمات بھی بڑی تعداد میں درکار ہوتی ہیں۔ صوبائی حکومت نے تجویز دی کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کرائے جائیں، کیونکہ اس عرصے تک بچوں کے امتحانات مکمل ہو چکے ہوں گے جبکہ صوبے میں دھند کا مسئلہ بھی نسبتاً کم ہوگا۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت مذکورہ مدت کے دوران مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تاکہ انتخابات کے لیے مناسب سکیورٹی اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی جانب سے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ اگر صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تو اس حوالے سے اپنا تفصیلی پلان جلد از جلد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے تاکہ مزید مشاورت کی جا سکے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشاورت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور ایک اہم آئینی ذمہ داری کی تکمیل کی راہ ہموار کرے گی۔