Sunday, August 9

پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچز کے عہدوں میں ردوبدل، ویلڈہوف ورلڈ کپ کے ہیڈ کوچ مقرر

اسلام آباد، 8 اگست 2026 (غفران):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے حال ہی میں مقرر کیے گئے غیر ملکی کوچز کی ذمہ داریوں میں ردوبدل کرتے ہوئے ہرمن کروئس کو قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر جبکہ باب یوہان ویلڈہوف کو آئندہ ایف آئی ایچ ورلڈ کپ کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ہرمن کروئس کو ابتدائی طور پر 3 جولائی کو قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے دو سال کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ چند روز بعد باب یوہان ویلڈہوف کو گول کیپنگ کوچ مقرر کیا گیا۔ڈیوڈ ڈوائر کو ہائی پرفارمنس کوچ جبکہ کرس بوون کو ٹیکنیکل کوچ کے ساتھ اسپورٹس سائیکالوجسٹ کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔ نئے مقرر ہونے والے کوچنگ اسٹاف میں صرف ایک پاکستانی، عدنان ذاکر، شامل تھے جنہیں جونیئر ٹیلنٹ آئیڈینٹی فکیشن کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے جمعہ کو بتایا کہ ہرمن کروئس اب صرف قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دیں گے، جبکہ ویلڈہوف کو گول کیپنگ کوچ کے عہدے سے ترقی دے کر ایف آئی ایچ ورلڈ کپ کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ایف آئی ایچ ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔سابق پاکستانی کپتان اور اولمپیئن طاہر زمان کے کردار کے حوالے سے، جنہیں 21 مئی کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کیا گیا تھا، محی الدین احمد وانی نے بتایا کہ طاہر زمان اب ان کے مشیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔